اسلام آباد:
پمز اسپتال کے داخلی اور خارجی راستوں پر آخرت کے خزانے کے نام سے چندہ کے ڈبے نصب کر دیے گئے ہیں جس کی ملکیت کے بارے میں انتظامیہ سمیت کسی کو علم ہی نہیں۔
اسپتال میں جہاں لوگ اپنے پیاروں کے علاج کے لیے آتے ہیں اور ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہوتے ہیں، ایسے میں اپنے پیاروں کے علاج کے لیے ہر طرح کی دعا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
پمز اسپتال میں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں افراد آتے ہیں اور صدقہ و خیرات بھی کرتے ہیں، تاہم اسپتا لمیں نصب ڈبوں سے متعلق ابھی تک کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔ اسپتال انتظامیہ نے اس حوالے سے نوٹس لیتے ہوئے اپنے سیکیورٹی عملے کو ہدایت جاری کر دی ہے۔
اسپتال کے ایک سینیئر ملازم نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسپتال کی جانب سے داخلی دروازوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے، تاہم تاحال کوئی واضح جواب موصول نہیں ہوا۔ اس بارے میں سیکیورٹی کے عملے کو بھی اطلاع دی گئی ہے، لیکن کوئی شواہد سامنے نہیں آئے۔
ایڈمن کا کہنا ہے کہ پورا اسپتال کیمروں کی نگرانی میں ہے، روزانہ ہزاروں افراد کو فائدہ پہنچایا جاتا ہے، تاہم اگر کسی نے کیمروں کی ویڈیو بنائی یا قواعد کی خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔