کراچی کی سٹی کورٹ میں سینئر سول جج شرقی کے روبرو کورنگی صنعتی ایریا میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے نوجوان کی ہلاکت کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں جاں بحق نوجوان کی بیوہ نے ٹینکر مالک اور ڈرائیور کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔
درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت 13 کروڑ روپے سے زائد ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ 2026 میں چمرا چورنگی کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے نوجوان کو کچل دیا تھا۔
وکیل کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ طلحہ ظہیر کی موت حادثے میں لگنے والی شدید چوٹوں کے باعث ہوئی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متوفی اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا اور اس کی وفات کے بعد اہل خانہ شدید اور مستقل مالی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل کا مزید کہنا ہے کہ جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت ٹینکر مالک اور ڈرائیور قانونی طور پر معاوضہ ادا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔