گوجرانوالہ: سول ہسپتال سے فرار ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل، اقدامِ قتل، پولیس پر حملہ اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا


ویب ڈیسک July 07, 2026

 

گوجرانوالہ میں سول ہسپتال سے دورانِ گرفتاری پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق صدر کامونکی پولیس نے چھجوکی پل کے قریب ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ اس دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مشتبہ افراد وہاں پہنچے۔ پولیس نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے محفوظ پوزیشن لے کر اپنی جان بچائی اور ملزمان کا تعاقب کیا۔ ملزمان مسلسل فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، جبکہ جوابی فائرنگ بھی کی گئی۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ کی تلاشی کے دوران شیخ عامر نامی شخص زخمی حالت میں ملا، جس نے بتایا کہ وہ سول ہسپتال سے دورانِ گرفتاری فرار ہوا تھا۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس نے واقعے کے حوالے سے اپنی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل، اقدامِ قتل، پولیس پر حملہ اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔