پاکستان اور سری لنکا کے درمیان انسداد منشیات اور امیگریشن تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیر داخلہ محسن نقوی کی اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں سری لنکن ہم منصب سے ملاقات


ویب ڈیسک July 08, 2026

اسلام آباد:

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان انسداد منشیات اور امیگریشن تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں سری لنکا کے وزیر داخلہ آنند وجے پالا سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں انسداد منشیات کے حوالے سے مؤثر کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا، جبکہ دونوں وزرائے داخلہ نے پولیس ٹریننگ کے لیے باہمی تعاون بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے غیرقانونی امیگریشن اور جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کی روک تھام کے لیے اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے امیگریشن کے سربراہان کو فوری طور پر ایک دوسرے سے رابطہ کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

ملاقات کے دوران جرائم پیشہ افراد کے نیٹ ورکس اور منی لانڈرنگ کی روک تھام سے متعلق مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزرائے داخلہ نے دونوں ممالک کی وزارتوں کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا، جبکہ ویزا سے متعلق ایشوز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔