عوامی تحریک اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور بے نتیجہ ختم

سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ ہمارا پہلا مطالبہ ہے جس کے پورا ہونے تک مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے، رحیق عباسی


ویب ڈیسک August 23, 2014
ماڈل ٹاؤن کے واقعے پر ہمیں بھی افسوس ہے لیکن مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا چاہئے، احسن اقبال فوٹو: ایکسپریس نیوز

حکومت کا تحریک انصاف کے بعد عوامی تحریک سے بھی مذاکرات کا دوسرا دور بے نتیجہ ختم ہوگیا۔

عوامی تحریک اور حکومتی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ہوا جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوامی تحریک کے صدر رحیق عباسی نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی حکومت کے سامنے اپنے مطالبات رکھے تھے اور آج دوبارہ حکومتی کمیٹی کے اراکین کو اپنے مطالبات پیش کئے جسے انہوں نے حکومت تک پہنچانے کا کہا ہے لیکن معاملے کے حل کے لئے حکومت تاحال سنجیدہ نظر نہیں آرہی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ ہمارا پہلا مطالبہ تھا اور اس مطالبے کے پورا ہونے تک مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے۔

رحیق عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے انتخابات کو مسترد کیا تھا، ہم ملک کے موجودہ نظام کو جمہوریت نہیں سمجھتے اور جب تک نواز شریف وزیر اعظم ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کا امکان نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کے عمل پر یقین رکھتے ہیں اور سیاسی عمل کو جاری رکھنا چاہتے ہیں لیکن حکومت ہمارے لئے مشکلات پیدا کر رہی ہے، حکومت کی جانب سے کھانا نہیں بھیجا جارہا جبکہ سڑکیں بھی کنٹینر لگا کر بند کردی گئی ہیں۔

حکومتی کمیٹی کے رکن احسن اقبال نے کہا کہ انصاف کا مطالبہ کرنا عوامی تحریک کا حق ہے اور ماڈل ٹاؤن کے واقعے پر ہمیں بھی افسوس ہے لیکن مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا چاہئے کیونکہ بات چیت سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے ساتھ بات چیت آگے بڑھی ہے اور آج کے مذاکرات میں دونوں کمیٹیوں نے ایک دوسرے کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تاہم مذاکرات کا تیسرا دور آج ہوگا اور خواہش ہے کہ آج کسی نتیجے پر پہنچیں۔

مقبول خبریں