علما کرام ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے شرعی جائزہ لیں، بلال بن ثاقب کی مفتی تقی عثمانی سےملاقات میں اپیل

چیئرمین بلال بن ثاقب کی مفتی تقی عثمانی سے ملاقات، عوام کو دھوکہ دہی، استحصال اور مالی نقصانات سے بچانے پر اتفاق


ویب ڈیسک July 11, 2026

ورچوئل اثاثوں سے متعلق تشکیل دی گئی ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین کی مفتی تقی عثمانی سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے کرپٹو کرنسی اور ٹیکنالوجیز کے حوالے سے علما کرام سے جامع شرعی جائزہ لینے کی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب کا کہنا ہے کہ ان کی مفتی تقی عثمانی کے ساتھ ڈیجیٹل اثاثوں اور ان کی شرعی حیثیت سے متعلق جاری مباحثے پر ایک تعمیری اور مفید ملاقات ہوئی ہے۔

ایکس پر جاری بیان میں بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ مفتی تقی عثمانی سے اور میں ایک بنیادی مقصد پر متفق ہیں اور وہ یہ ہےکہ پاکستانی عوام کو دھوکہ دہی، استحصال اور مالی نقصان سے محفوظ رکھا جائے۔

بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ مفتی تقی عثمانی سے ملاقات میں انہوں نے یہ مؤقف پیش کیا کہ بلاک چین، ڈیجیٹل اثاثے، اسٹیبل کوائنزاور حقیقی اثاثوں پر مبنی ٹوکنائزڈ اثاثے مختلف نوعیت کی ٹیکنالوجیز پر مشتمل ایک وسیع میدان ہیں اس لیے ان کا جائزہ ایک ہی زاویے سے لینےکے بجائے، ان کی تکنیکی نوعیت کا باریک بینی سے تجزیہ کرنےکے ساتھ ساتھ ان کا جامع شرعی جائزہ بھی ضروری ہے۔

ے بلال بن ثاقب نے مزید کہا کہ چونکہ یہ شعبہ مسلسل ترقی کر رہا ہے اس لیے میری خواہش ہےکہ معزز علمائے کرام، متعلقہ ریگولیٹری اداروں اور صنعت سے  وابستہ ماہرین کے درمیان مسلسل مشاورت اور مکالمہ جاری رہے، تاکہ پاکستان کی پالیسی اسلامی اصولوں اور ابھرتی ہوئی جدید ٹیکنالوجیز کی مکمل اور درست سمجھ کی بنیاد پر مرتب کی جاسکے۔