بھارت میں مقدمہ جیتنے کے لیے جج پر کالا جادو، 65 سالہ خاتون گرفتار

اس واقعے نے بھارت میں توہم پرستی، کالا جادو اور عدالتی نظام سے متعلق ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے


ویب ڈیسک July 13, 2026

بنگلورو: بھارتی ریاست کرناٹک میں زمین کے ایک تنازع سے متعلق مقدمہ جیتنے کی مبینہ کوشش میں جج پر کالا جادو کرنے کے الزام میں 65 سالہ خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون پر الزام ہے کہ اس نے عدالت میں داخل ہو کر جج کی کرسی اور ڈائس پر سفید سرسوں کے دانے بکھیرے۔ اس کا مقصد مبینہ طور پر جادو ٹونا کر کے اپنے حق میں عدالتی فیصلہ حاصل کرنا تھا۔

رپورٹس کے مطابق عدالتی عملے نے جج کی نشست پر سفید سرسوں کے دانے دیکھے تو معاملہ مشکوک محسوس ہوا، جس کے بعد عدالت میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا گیا۔

فوٹیج میں ایک خاتون کو جج کی کرسی اور ڈائس کے قریب سفید سرسوں کے دانے بکھیرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد عدالتی عملے نے فوری طور پر مقامی پولیس کو اطلاع دی اور خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 65 سالہ خاتون کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران خاتون نے اعتراف کیا کہ وہ اس یقین کے ساتھ یہ عمل کر رہی تھی کہ اس سے وہ زمین کے تنازع کا مقدمہ جیت جائے گی۔

بعد ازاں خاتون کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے اسے 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

اس واقعے نے بھارت میں توہم پرستی، کالا جادو اور عدالتی نظام سے متعلق ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔