محدود پاسپورٹ رینکنگ کے باوجود پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے 30 ممالک تک بغیر ویزا یا آسان ویزا سہولت کے ساتھ سفر ممکن ہے۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی جولائی 2026 کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستانی شہری 30 ممالک میں ویزا فری، ویزا آن ارائیول یا الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن کے ذریعے داخل ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کا پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں 100 ویں نمبر پر برقرار ہے، جو اس سال کے آغاز میں بہتری کے بعد دوبارہ تنزلی کا شکار ہوا۔ 2025 میں پاکستان 103 ویں نمبر پر تھا جبکہ 2026 کے دوران درجہ بندی میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں تبدیلیاں ویزا پالیسیوں، سفری معاہدوں اور عالمی قوانین میں ردوبدل کے باعث ہوتی رہتی ہیں۔
عالمی سطح پر سنگاپور کا پاسپورٹ بدستور پہلے نمبر پر ہے، جس کے حامل افراد 192 ممالک تک رسائی رکھتے ہیں، جبکہ جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات دوسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا فری یا آسان سفری سہولت فراہم کرنے والے ممالک میں مالدیپ، نیپال، سری لنکا، کینیا، روانڈا، سیشلز، بارباڈوس، ڈومینیکا، ہیٹی، وانواتو اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو سمیت دیگر شامل ہیں، مزید تفصیل درج ذیل ہے۔
ویزا فری ممالک:
بارباڈوس، کُک آئی لینڈز، ڈومینیکا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، مونٹسیرات، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز، گیمبیا، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور وانواتو۔
ویزا آن ارائیول ممالک:
برونڈی، کمبوڈیا، کیپ وردے آئی لینڈز، کومورو آئی لینڈز، جبوتی، گنی بساؤ، مڈغاسکر، مالدیپ، نیپال، نیو، پلاؤ آئی لینڈز، ساموا، سینیگال، سیرا لیون، تیمور لیستے اور تووالو۔
الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن ممالک:
کینیا، سیشلز اور سری لنکا۔