اسلام آباد:
ہائی کورٹ کے ججوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کا آغاز آج سے ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کیے جا رہے ہیں جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے لیے انٹرویوز 16 اور 17 جولائی جبکہ سندھ ہائیکورٹ میں ججز کی تقرری کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز 14 اور 15 جولائی کو لیے جائیں گے۔
انٹرویوز سپریم کورٹ آف پاکستان کے جوڈیشل کمیشن کے کمیٹی روم میں منعقد کیے جا رہے ہیں، انٹرویو کمیٹی کی سربراہی جسٹس حسن اظہر رضوی کر رہے ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم سنیئر چیف جسٹس ہونے کے باعث تمام انٹرویوز کمیٹیوں کی رکن ہیں، دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے امیدواروں کے انٹرویوز کے لیے قائم کمیٹی کے چیئرمین جسٹس عامر فاروق ہوں گے۔
انٹرویو کمیٹیوں میں اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان بھی بطور رکن شامل ہوں گے، جبکہ سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور محمد احسن بھون کو بھی بطور رکن شامل کیا گیا ہے۔