خاتون کی نجی تصاویر شوہر کو بھیج کر ازدواجی زندگی تباہ کرنے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

خاتون بن کر سوشل میڈیا پر شہریوں کو محبت کے جال میں پھنسانے اور بلیک میل کرنے والا ملزم بھی حراست میں لے لیا گیا


ویب ڈیسک July 13, 2026

لاہور:

خاتون کی نجی تصاویر شوہر کو بھیج کر ازدواجی زندگی تباہ کرنے کی کوشش کرنے والا ملزم  گرفتار کرلیا گیا۔

خواتین کی عزت کو نشانہ بنانے اور بلیک میل کرنے والے عناصر کے خلاف این سی سی آئی اے نے 2 بڑی کارروائیاں  کرکے اہم ملزمان  کو گرفتار کرلیا۔

ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب محمد علی وسیم کی خصوصی ہدایات پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ایکشن لے لیا اور مقدمہ نمبر 122/2026 میں کارروائی کرتے ہوئے خاتون کی نجی تصاویر شوہر کو بھیج کر ازدواجی زندگی تباہ کرنے کی کوشش کرنے والے ہارون قریشی کو گرفتار کرلیا۔

سائبر کرائم ایجنسی نے جدید ڈیجیٹل شواہد کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم ہارون قریشی کے قبضے سے موبائل فون برآمد کر لیا۔

دوسری بڑی کارروائی میں فیصل آباد ٹیم نے ایبٹ آباد کے علاقے شیرواں کلاں میں چھاپا مارا اور  مقدمہ نمبر 91/2026 کا مرکزی ملزم محمد انور گرفتار کرلیا۔

ملزم محمد انور سوشل میڈیا پر  خاتون بن کر شہریوں کو محبت کے جال میں پھنساتا اور قابلِ اعتراض مواد کے ذریعے بلیک میل کرتا تھا۔ متاثرہ شہری سے ایزی پیسہ کے ذریعے 40 ہزار روپے ہتھیانے اور مزید رقم نہ دینے پر نجی مواد واٹس ایپ پر شیئر کرنے والا ملزم دھر لیا گیا۔