مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل، شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ سیکرٹری جنرل کے ہمراہ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر العیسیٰ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور 12-13 جولائی کو اسلام آباد میں منعقدہ خواتین سے متعلق او آئی سی کی وزارتی کانفرنس میں شرکت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے اسلام کے حقیقی اور معتدل تشخص کو اجاگر کرنے، امتِ مسلمہ میں اتحاد کو فروغ دینے اور دنیا بھر میں رواداری، اخوت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام عام کرنے میں مسلم ورلڈ لیگ کے گراں قدر کردار کو سراہا۔
انہوں نے لیگ کی عالمی سطح پر سرگرمیوں کو آگے بڑھانے میں سیکرٹری جنرل کی ذاتی قیادت کی تعریف کی اور تنظیم کے اقدامات کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے مسلم دنیا کو درپیش موجودہ مسائل سے نمٹنے کے لیے مذہبی مکالمے کے حوالے سے مسلم ورلڈ لیگ کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور مسائل میں ایران اور خلیجی برادر ممالک کے درمیان خطے کی موجودہ صورتحال، غزہ میں فلسطینیوں کی مشکلات اور دنیا بھر میں مسلم برادریوں کو درپیش دیگر چیلنجز شامل ہیں۔
انہوں نے ڈاکٹر العیسیٰ کے پاکستان کے گزشتہ دوروں اور ان کی متعدد خدمات کا ذکر کیا، جن میں اسلام آباد میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی سربراہی اجلاس کا انعقاد بھی شامل ہے۔
انہوں نے تعلیم، بین المذاہب مکالمے اور انتہا پسندی و اسلامو فوبیا کے تدارک کے شعبوں میں پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنے احترام کے جذبات کا اظہار کیا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
ڈاکٹر العیسیٰ نے اپنے اور اپنے وفد کے لیے پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور عالمِ اسلام میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے مذہبی، تعلیمی اور انسانی امور میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے 'مسلم ورلڈ لیگ' کے عزم کا اعادہ کیا۔
ڈاکٹر العیسیٰ نے خطے میں امن کی حالیہ کوششوں میں وزیراعظم کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے، ’اسلام آباد مفاہمت نامے‘ (Memorandum of Understanding) پر دستخط کے سلسلے میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں اور گراں قدر خدمات کو بھی بھرپور سراہا وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور مشترکہ ترجیحات پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جن میں پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے مابین جاری مشترکہ منصوبوں اور اقدامات کی جلد تکمیل شامل ہے۔