کراچی:
کیماڑی کے علاقے میں پولیس کے تعاقب پر انڈین گٹکے سے بھری کار بے قابو ہوکر فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی۔
ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق سعید آباد پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے حب ریور روڈ پر انڈین گٹکا سے بھری کار کا تعاقب کیا۔ تعاقب کے دوران تیز رفتاری کے باعث کار بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی۔
پولیس نے کار سے 5 بوروں میں موجود 250 پیکٹ (27,500 پڑیاں) انڈین گٹکا برآمد کر لیا۔ حکام کے مطابق مضر صحت گٹکا حب، بلوچستان سے کراچی اسمگل کیا جا رہا تھا۔
کارروائی کے دوران سمیع اللہ ولد عبدالعلی نامی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جو اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 285/26 درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں اسمگلنگ اور مضر صحت اشیاء کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا۔