کیا آپ کے پاس بھی ای چالان کا میسیج آیا ہے؟ ادائیگی سے پہلے حقیقت جان لیجئے

موبائل صارفین کو کچھ عرصے سے تواتر کے ساتھ ای چالان کے ایس ایم ایس موصول ہورہے ہیں


ویب ڈیسک July 14, 2026
جرمانوں کی مد میں ٹریفک پولیس کو ماہانہ لاکھوں روپے ملنے کا امکان ہے (فوٹو: فائل)

موبائل صارفین کو کچھ عرصے سے تواتر کے ساتھ ای چالان کے ایس ایم ایس موصول ہورہے ہیں۔ جس میں ان کی گاڑی کو نادہندہ قرار دیتے ہوئے چالان جمع کرانے کی ہدایت اور لنک دیا ہوا ہے۔

تاہم اس ای چالان میسیج سے متعلق یہ بات سامنے آئی ہے کہ سرکاری نمبر سے بھیجے گئے یہ ایس ایم ایس فراڈ ہیں، جن سے شہریوں کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے کراچی ٹریفک پولیس نے الرٹ بھی جاری کردیا ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس نے شہریوں کو جعلی ایس ایم ایس اور ای چالان کے نام پر ہونے والی دھوکا دہی سے خبردار کرتے ہوئے احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ حکام کے مطابق بعض نوسرباز سرکاری ادارے کا تاثر دے کر لوگوں کو جعلی پیغامات بھیج رہے ہیں تاکہ انہیں دھوکا دے کر ذاتی معلومات حاصل کی جا سکیں۔

 

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ فراڈیے 1915 نمبر کا نام استعمال کرتے ہوئے ای چالان سے متعلق گمراہ کن ایس ایم ایس اور مشکوک لنکس ارسال کر رہے ہیں، اس لیے شہری کسی بھی ایسے پیغام پر فوری طور پر اعتماد نہ کریں اور تصدیق کے بغیر اس میں دی گئی ہدایات پر عمل کرنے سے گریز کریں۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے بھیجے جانے والے تمام سرکاری پیغامات صرف مستند ذرائع کے ذریعے جاری کیے جاتے ہیں۔ شہری کسی بھی غیر مصدقہ لنک پر کلک نہ کریں اور نہ ہی اپنی ذاتی معلومات، بینکنگ تفصیلات یا دیگر حساس ڈیٹا کسی نامعلوم ذریعے کے ساتھ شیئر کریں۔

ٹریفک پولیس نے مزید کہا ہے کہ اگر کسی شہری کو موصول ہونے والے ایس ایم ایس یا ای چالان کی صداقت پر شک ہو تو وہ فوری طور پر ہیلپ لائن 1915 سے رابطہ کر کے اس کی تصدیق کریں، تاکہ کسی بھی قسم کے مالی یا معلوماتی فراڈ سے محفوظ رہا جا سکے۔