آزاد جموں و کشمیر پولیس نے راولاکوٹ میں اسلام آباد پولیس کے اہلکار پر مبینہ تشدد کے واقعے سے متعلق پریس ریلیز جاری کر دی۔
پولیس کے مطابق 14 جولائی کو راولاکوٹ کے علاقے گوئی نالہ افسر مارکیٹ میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اسلام آباد پولیس کے ملازم احتشام مسیح کو زبردستی گاڑی سے اتارا۔
پریس ریلیز کے مطابق کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے افراد نے اسلام آباد پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گمراہ کن ویڈیو بنا کر پھیلائی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد کرنے والے اور ویڈیو بنانے والے افراد کی شناخت اور تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حقائق کی مکمل تصدیق اور قانونی کارروائی کے بعد واقعے میں ملوث افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
آزاد جموں و کشمیر پولیس نے کہا کہ کسی بھی شخص یا گروہ کو شرانگیزی، جھوٹی معلومات یا اداروں کے خلاف اشتعال پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس کے مطابق حالیہ کشیدہ صورتحال کے دوران پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انتہائی تحمل اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، جبکہ پولیس اہلکاروں کی شہادتوں اور زخمی ہونے کے باوجود شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا گیا۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ اور ایڈٹ شدہ ویڈیوز یا معلومات شیئر نہ کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی سے متعلق پولیس کو آگاہ کریں۔