کراچی:
کراچی میں وفاقی اردو یونیورسٹی گلشن اقبال کیمپس کے کیمپس افسر عدنان اختر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے۔
عدنان اختر کو علاج کیلئے اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق عدنان کو 4 گولیاں لگیں، حالت خطرے سے باہر ہے۔
ذرائع کے مطابق عزیز بھٹی پارک کے قریب ہیلمٹ اور ماسک لگائے دو ملزمان نے کیمپس افسر کو گولیوں کا نشانہ بنایا، ملزمان نے پیچھے سے گولیاں ماری اور فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی کیمپس افسر عدنان اختر گھر سے یونیورسٹی جانے کے لیے نکلے تھے، فائرنگ کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔