وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے دہری شہریت رکھنے والے پاکستانیوں کے لیے نئی سفری گائیڈ لائنز جاری کردیں۔
ایف آئی اے کے مطابق کوئی بھی پاکستانی زائد المیعاد یا تنسیخ شدہ نائیکوپ کے ساتھ بیرون ملک سے پاکستان میں داخل نہیں ہوسکے گا، یہ پابندی برطانیہ امریکہ سمیت تمام ممالک سے آنے والے مسافروں پر عائد ہوگی۔
حکام کے مطابق غیر ملکی پاسپورٹ کے ساتھ پاکستانی ویزا یا کارآمد (Valid) نائیکوپ کا ہونا ضروری ہوگا، تمام ائیرلائنز کو نئی گائیڈ لائنز کے حوالے سے آگاہ کردیا گیا اور ایسے مسافروں کو بورڈ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ زائد المیعاد یا کینسل شدہ NICOP کے حامل پاکستانیوں کو اگلی فلائٹ سے واپس بجھوا دیا جائے گا، پہلے زائدالمیعاد یا کینسل شدہ NICOP کے حامل افراد کو بھی ائیر لائنز لے کر پاکستان آجاتی تھیں، ائیر لائنز کو نئی گائیڈ لائنز پرسختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارتِ داخلہ نے نئی گائیڈ لائن کے حوالے سے امیگریشن حکام کو آگاہ کر دیا، تمام ہوائی اڈوں پر نئی گائیڈ لائنز نافذ کر دی گئی ہیں۔