وفاق کو صاف بتادیا فاٹا اور پاٹا کوئی ٹیکس نہیں دے گا، گورنر خیبرپختونخوا

قبائلی علاقوں کیلیے وعدہ کردہ 100 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے جائیں، خیبرپختونخوا حکومت کو ملکر آواز اٹھانے کی دعوت


ویب ڈیسک July 15, 2026

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاق سے قبائلی علاقوں کیلیے وعدہ کردہ 100 ارب روپے کی رقم جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فاٹا اور پاٹا کوئی ٹیکس نہیں دے گا۔

پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ریاست نے قبائلی علاقوں کو جو 100 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا تھا اُسے پورا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کو واضع کردیا ہے فاٹا پاٹا ٹیکس نہیں دے گا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے سوال کیا کہ بتایا جائے ایف بی آر کے چیئرمین اے سی کمرے سے نکل کر کتنی وزیرستان گئے ہیں، کیا اسلام آباد کے اے سی کمروں میں  بیٹھے بابو باہر نکل کر کام کرتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ گیس اور بجلی ہم بناتے ہیں مگر ہمارے شہری گیس بجلی سے محروم ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا نے صوبائی حکومت کو ساتھ مل کر صوبے کیلیے آواز اٹھانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ہم اکٹھے ہوں گے تو وفاق سے اپنا حق لیں گے۔ وزیراعلی سے کہا ہے ٹیکس کے لیے مل کر آواز اٹھائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے امن قائم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو دانستہ طور پر نظر انداز کیا جارہا ہے، کرکٹ کا شوق رکھنے والوں کو بیرون ملک نہیں بھیج سکے، ہم باصلاحیت کھلاڑی آگے لانے کیلیے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ہوگا۔

گورنر کے پی نے کہا کہ آج کرکٹ ٹیم میں آدھے سے زیادہ کھلاڑی خیبرپختونخوا سے ہیں، 16 سال اسکواش پر حکمرانی کی جان شیر کے بعد کوئی چیمپئن نہیں آیا، قومی کھیل ہاکی کا یہ حشر ہوگیا ہے کوئی نام تک نہیم نہیں لیتا۔

فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کرکٹ لیگ 18 جولائی سے شروع ہورہی ہے، جس میں شرکت کیلیے وزیراعلیٰ کو بھی دعوت دی ہے تاکہ ہم ملکر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرسکیں۔

گورنر کے پی نے بتایا کہ پشاور سئ سعودی ائیر لائن کی سروس شروع ہوگئی ہے، جس کے بعد اب ہم روڈ ٹو مکہ سروس پشاور سے شروع کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ مزید بین الاقوامی ائیر لائنز سروس شروع ہونے جارہی ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ کمپنیاں خیبرپختونخواہ سے کماتی ہیں مگر اس پر خرچ نہیں کرتیں۔