کراچی میں کتے کے کاٹنے کا ایک اور انتہائی درد ناک واقعہ سامنے آگیا

حکام کی مجرمانہ غفلت، لاپروائی اور بے حسی کی وجہ سے علاقے میں آوارہ کتوں کی بھرمار ہے، شہریوں کا شدید برہمی کا اظہار


منور خان July 16, 2026
فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے منگھوپیر میں کتے نے بچے پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا ، کتے کے بھنبھوڑنے سے معصوم بچے کا ماتھا شدید متاثر ہوگیا۔

شہر میں کتے کے کاٹنے کا ایک اور انتہائی درد ناک واقعہ سامنے آگیااور منگھوپیر کے علاقے میں کتے نے بچے پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا جسے چھیپا کے رضا کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔

چھیپا حکام کے مطابق کتے کے کاٹنے سے شدید زخمی بچے کی شناخت 10 سالہ ریان ذاکر کے نام سے ہوئی ہے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

اس موقع پر شہریوں نے مقامی انتظامیہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام کی مجرمانہ غفلت، لاپروائی اور بے حسی کی وجہ سے علاقے میں آوارہ کتوں کی بھرمار ہے جو معصوم بچوں پر حملہ کر کے انہیں زخمی کر رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ علاقے میں خواتین اور دیگر شہریوں کا بھی گزرنا محال ہوگیا ہے۔

شہریوں نے مزید کہا کہ آوارہ کتوں کی وجہ سے بچے شدید خوف کا شکار ہیں جنہیں اسکول، مدرسے یا قریبی دکانوں تک اکیلے نہیں بھیج سکتے ہیں۔