کراچی کے مختلف علاقوں میں رات اور صبح کے وقت ہلکی بارش کے بعد سڑکوں پر پھسلن کے بعد کئی موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں سمندر کی نچلی سطح کے بادلوں کے سبب رات گئے اور صبح کے وقت بوندا باندی اور ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا تاہم ہلکی بارش کے بعد سڑکوں پر پھسلن سے صبح موٹر سائیکل پر دفاتر جانے والے افراد حادثات کا شکار ہوئے۔
شارع فیصل، ملت ایکسپریس وے، شہید ملت روڈ، یونیورسٹی روڈ، مین کورنگی روڈ، لسبیلہ، ایم اے جناح روڈ، کلفٹن اور ڈیفنس سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی۔
شہید ملت روڈ اور ایکسپریس وے پر کئی موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ شہر کی مختلف شاہراہوں پر شہری اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک کنٹرول کرتے ہوئے بھی نظر آئے
کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 28.4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندر کی جنوب مغربی سمت سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، مطلع جزوی ابر آلود اور مرطوب رہنے کے ساتھ کہیں کہیں بوندا باندی کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین روز کے دوران شہر کا موسم ابرآلود رہنے کے ساتھ رات اور صبح کے وقت بوندا باندی اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم، خشک اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔