ایران نے حوثیوں کو باب المندب بند کرنے کیلئے تیار رہنے کا کہہ دیا، رائٹرز

حوثیوں کو حال ہی میں تہران کی درخواست سے آگاہ کیا گیا تھا


ویب ڈیسک July 17, 2026

ایران نے مبینہ طور پر یمن کی حوثی ملیشیا سے کہا ہے کہ وہ بحیرہ احمر کے باب المندب کو بند کرنے کے لیے تیار رہیں۔

رائٹرز کے مطابق ایران نے حوثیوں سے رابطہ کیا اور کہا ہے کہ اگر امریکا ایرانی پاور انفراسٹرکچر پر حملہ کرتا ہے تو بحیرہ احمر کے تیل کے راستے باب المندب کو بند کرنے کیلئے تیار رہیں۔

3 ذرائع جس میں دو سینئر ایرانی ذرائع اور معاملے سے واقف ایک علاقائی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ باب المندب کو بند کرنے کے حوالے سے ایران کی قیادت میں تبادلہ خیال کیا گیا ہے، اور یہ پیغام حوثی اتحادیوں تک پہنچا دیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حوثیوں کو حال ہی میں تہران کی درخواست سے آگاہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں کہ یہ کیسے پہنچایا گیا یا یہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے منگل کو ایرانی پاور انفراسٹرکچر پر حملے کی دھمکی کے بعد تھا۔