پیٹرولیم کی قیمتوں کے یومیہ تعین سے عالمی منڈی کے اثرات فوری عوام کو پہنچیں گے، وزیر اطلاعات

وزیراعظم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کی نگرانی کررہے ہیں، زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے


ویب ڈیسک July 17, 2026
فوٹو فائل

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ تعین  سے نظام شفافیت میں اضافہ ہوگا اور عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے اثرات بروقت عوام تک منتقل کیے جا سکیں گے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ بین الاقوامی کشیدگی کا نتیجہ ہے جبکہ پاکستان مسلسل علاقائی اور عالمی کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے، جنہیں عالمی سطح پر سراہا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی تیل کی ضروریات کا بڑا حصہ درآمد کرتا ہے، اس لیے عالمی قیمتوں میں تبدیلی کا براہ راست اثر ملکی معیشت پر پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی بحران کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اضافی تیل ذخیرہ کیا گیا، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے کارگوز منگوائے گئے اور ملک بھر میں پٹرول و ڈیزل کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی گئی۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ترقیاتی بجٹ میں کمی کرکے 129 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی تاکہ عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا واضح فیصلہ تھا کہ ممکنہ حد تک عوام کو ریلیف دیا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر ہوگا اور اوگرا پرائسنگ فارمولا عوام کے سامنے جاری کرے گی، جس سے قیمتوں میں کمی یا اضافے کے اثرات فوری طور پر منتقل ہوں گے اور شفافیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے پٹرولیم لیوی میں غیر معمولی اضافے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ لیوی جنگ سے پہلے کی سطح سے بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے خصوصی اقدامات کے ذریعے لیوی کو کم رکھنے کی کوشش کی ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کو بتدریج الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک گاڑیوں کی طرف جانا ہوگا تاکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہو، زرمبادلہ کی بچت ہو اور عوام کو عالمی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے تحفظ مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے اور وزیراعظم کی ہدایت پر ناجائز منافع خوری کرنے والوں سے اضافی رقوم واپس وصول کی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت یا ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ عوام اپنی شکایات اوگرا کی ویب سائٹ یا ای میل کے ذریعے بھی درج کرا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام اور شفاف نظام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔