امریکی فٹبال لیجنڈ ٹام بریڈی اور ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار لوگن پال کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ٹام، بحث کے بعد، لوگن پال کو تھپڑ مار رہے ہیں۔
یہ واقعہ نیویارک میں منعقدہ فینیٹکس فیسٹ پروگرام کے اختتام میں پیش آیا جب دونوں شخصیات ایک ساتھ اسٹیج پر موجود تھے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں ٹام بریڈی ہاتھ اٹھاتے نظر آتے ہیں، جس سے پہلی نظر میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے لوگن پال کو تھپڑ مار دیا۔ لیکن ویڈیو کو قریب سے دیکھنے پر معلوم ہوتا ہے کہ ان کا ہاتھ چہرے کے بجائے کندھے سے ٹکراتا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد لوگن پال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر طنزیہ انداز میں ٹام بریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا، جس پر بریڈی نے بھی مزاحیہ جواب دیتے ہوئے انہیں ’ڈورک‘ یعنی احمق قرار دیا۔ دونوں کی یہ نوک جھونک مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
دوسری جانب کئی صارفین کا خیال ہے کہ یہ سب کچھ پہلے سے طے شدہ تھا۔ خاص طور پر اس لیے کہ لوگن پال ایک پیشہ ور ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر ہیں جبکہ ٹام بریڈی بھی حال ہی میں رنگ میں بطور ’ہیِل‘ (منفی کردار) انٹری دینے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں۔
وائرل ویڈیو نے جہاں سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، وہیں یہ سوال بھی گردش کر رہا ہے کہ آیا یہ واقعی غصے کا اظہار تھا یا پھر آنے والے کسی بڑے سرپرائز کی جھلک دی گئی تھی۔