کراچی کی بریگیڈ پولیس نے گھروں کام کے دوران چوری کی وارداتیں کرنے والی 2 گھریلو ملازماؤں کو گرفتار کرکے ان سے 75 لاکھ روپے مالیت کے چوری شدہ انعامی بانڈز اور نقدی سمیت دیگر سامان برآمد کرلیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے مطابق بریگیڈ پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر جٹ لائن کے قریب کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران گھروں میں چوری کرنے والی دو گھریلو ملازماؤں کو گرفتار کرلیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گرفتار خواتین ملازمت کی آڑ میں موقع پا کر گھروں میں چوری کی وارداتیں کر کے فرار ہوجاتی تھیں۔
ایس ایچ او بریگیڈ سعید خان نے بتایا کہ گرفتار گھریلو ملازماؤں کی شناخت نوشین عمران اور نور فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے جو رشتے میں ماں اور بیٹی ہیں اور وہ صدر تھانے کی حدود میں درج چوری کے مقدمے میں ملوث تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ان کے قبضے سے چوری کیے گئے 75 لاکھ روپے مالیت کے انعامی بانڈز، 87 ہزار روپے نقدی اور لوہے کی تجوری بھی برآمد کرلی ہے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ گرفتار ایک ملزمہ کو چند ماہ قبل متاثرہ شہری کے گھر صفائی ستھرائی کا کام دیا گیا تھا اور مالکان کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد ان کی غیر موجودگی میں چوری کی واردات انجام دی تاہم چوری کے بعد فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس نے حاصل کرلی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ ملازمت کے تقریباً 3 ماہ مکمل ہونے کے بعد منصوبہ بندی کے تحت وارداتیں کرتی تھی جبکہ ملزمہ ماضی میں بھی جٹ لائن کے علاقے میں طلائی زیورات اور نقدی کی چوری میں گرفتار ہوچکی ہے تاہم پولیس گرفتار گھریلو ملازماؤں سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔