نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سےنیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور پارٹی کے پارلیمانی ارکان نے ملاقات کی۔ملاقات میں بلوچستان کی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل اور ترقیاتی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
محمداسحاق ڈار نے کہا کہ وفاقی حکومت آئین پاکستان کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے بلوچستان کے عوام کی معاشی ترقی، خوشحالی اور جائز مطالبات کے حل کے لیے پرعزم ہے۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے عوام کی بہتری اور فلاح کے لیے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرگرم مسلح عناصر کو بلوچستان کے عوام کی حمایت یا اخلاقی جواز حاصل نہیں۔
ملاقات میں بین الصوبائی رابطہ کے وزیر رانا ثناء اللہ خان اور وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ بھی موجود تھے۔