نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وینزویلا کے نئے تعینات ہونے والے وزیر خارجہ و غیر ملکی تجارت فیلکس پلاسینسیا کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے فیلکس پلاسینسیا کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور وینزویلا میں حالیہ زلزلوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے یکجہتی کا اعادہ کیا۔
وینزویلا کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام اور امریکہ و ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے، اعلیٰ سطح کے روابط برقرار رکھنے اور مستقبل میں جلد ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔