ڈیفنس اے کے علاقے میں ویک اینڈ نائٹ کے دوران ایک نوجوان کی جانب سے موج مستی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرنے کا واقعہ پیش آیا، جس پر پولیس نے نوجوان اسامہ کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
ترجمان کے مطابق ہوائی فائرنگ کا واقعہ گزشتہ رات ڈیفنس اے کی حدود میں پیش آیا۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے سیف سٹی اتھارٹی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی گئی، جبکہ ملزم کے زیر استعمال گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ گزشتہ رات اہل خانہ کے ساتھ جارہا تھا کہ ایک گاڑی نے بائیں جانب سے کراس کیا اور نوجوان نے5 فائر کیے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ انہوں نے کار کا پیچھا کیا اور ناکے پر اطلاع دی، نوجوان نے ٹارگٹ کر کے فائرنگ نہیں کی، نوجوان نے ڈئفنس مین بلیووڈ پر تیز رفتاری میں کار سے باہر پسٹل نکال کر ہوائی فائر کیا، مجھے ہر گز ٹارگٹ نہیں کیا گیا، پولیس واقعے پر اپنی کاروائی کررہی ہے۔