این ڈی ایم اے نے 19 سے 23 جولائی کے دوران مشرقی و مغربی دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی، فلیش سیلاب اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا جب کہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے 20 سے 24 جولائی کے دوران دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شدید مون سون اور مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ 20 سے 23 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب میں بعض مقامات پر شدید بارشوں کا باعث بنے گا، جس سے فلیش سیلاب اور ہل ٹورنٹس میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ اور دریائے جہلم کے منگلا کے بالائی حصے میں سیلابی ریلوں کا امکان ہے، جبکہ سیالکوٹ میں ایک، پلکھو، منور تاوی اور جموں تاوی، نارووال میں بین، بسنتر اور ڈیگ، گجرات میں بھمبر سے آنے والے نالوں اور مریدکے میں فلیش سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ڈی جی خان، راجن پور کے ہل ٹورنٹس، مری اور گلیات کے برساتی نالوں میں بھی شدید بارشوں کے باعث فلیش سیلاب کا ہائی رسک ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے کابل اور اس کے معاون دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ نوشہرہ سمیت متاثرہ علاقوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دریائے کابل سے ملحقہ علاقوں، بالخصوص پنجکوڑہ، سوات اور چترال میں بھی طغیانی کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے لوئر و اپر چترال، اپر و لوئر دیر، مالاکنڈ، شنگلہ، اپر و لوئر کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں شدید بارشوں اور فلیش سیلاب کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان کے ہنزہ، نگر، گلگت، غذر، دیامر، شگر اور گانچھے کے مختلف علاقوں میں بھی فلیش سیلاب کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، لاہور اور شیخوپورہ سمیت متعدد شہروں میں اربن فلڈنگ کا شدید خدشہ ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے دریائے نیلم، جہلم اور پونچھ کے معاون نالوں میں طغیانی، جبکہ ڈی جی خان، راجن پور، بارکھان، لورالائی اور ژوب کے ندی نالوں اور ہل ٹورنٹس میں بھی فلیش سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری اور ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں، زیر آب سڑکوں، دریا کے کناروں، پہاڑی ڈھلوانوں اور لینڈ سلائیڈ والے راستوں سے دور رہیں، جبکہ مستند معلومات اور حفاظتی ہدایات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے استفادہ کریں۔
اس کے علاوہ پی ڈی ایم اے نے دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر نچلے سے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے، جبکہ دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ نالوں بہیں، بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا میں بھی سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے رود کوہیوں میں فلیش فلڈنگ کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ صوبہ بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام کو ممکنہ صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو 1122 کو تمام انتظامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے متعلقہ انتظامیہ کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق تمام انتظامات پیشگی مکمل رکھنے، ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو الرٹ رکھنے، ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھنے اور ریسکیو آپریشن کے لیے پٹرول و ڈیزل کا وافر ذخیرہ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ عوام کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے، دریاؤں کے پاٹ میں موجود مکانات اور مویشیوں کے انخلا کو یقینی بنایا جائے، جبکہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں خوراک، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ہنگامی انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب شہریوں اور ان کے مال مویشیوں کا مکمل خیال رکھے گی، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جائے۔