مال گاڑی حادثہ، صبح ہوتے ہی ٹریک کی بحالی کا کام دوبارہ شروع

رات کے وقت روشنی ناکافی ہونے کے باعث مرمتی سرگرمیاں عارضی طور پر روک دیا تھا


ویب ڈیسک July 20, 2026

ہالا:

سندھ کے علاقے ہالا میں اڈیرو لال کے قریب واہاں شاہ ریلوے اسٹیشن کے نزدیک مال گاڑی کے کئی ڈبے پٹری سے اتر جانے کے باعث ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا جس کے بعد اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریکس پر ٹرینوں کی آمدورفت تاحال معطل ہے۔

ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریلوے حکام اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور متاثرہ بوگیوں کو ہٹانے کے ساتھ ٹریک کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا۔

تاہم رات کے وقت روشنی ناکافی ہونے کے باعث مرمتی سرگرمیاں عارضی طور پر روک دی گئی تھیں۔

صبح اجالا ہوتے ہی بحالی اور مرمت کا کام دوبارہ تیز رفتاری سے شروع کر دیا گیا۔ ریلوے انجینئرنگ ٹیمیں بھاری مشینری کی مدد سے پٹری سے اترنے والی بوگیوں کو ہٹانے اور متاثرہ ریلوے ٹریک کی بحالی میں مصروف ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے باعث ریلوے ٹریک کا بڑا حصہ متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے اپ اور ڈاؤن لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت بحال ہونے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔

ریلوے حکام صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور ٹریک کو جلد از جلد محفوظ بنا کر ٹریفک بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔