پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں سے برساتی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، آسمانی بجلی گرنے اور حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پشاور اور گردونواح میں بادل خوب برسے جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی جبکہ نوشہرہ کینٹ اور ملحقہ علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
خیبرپختون خوا میں حالیہ بارشوں کے باعث برساتی نالوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی، باچا گل گھڑی، پلوسئی خواڑ، ریگی کے برساتی نالے میں پانی کا بہاو بڑھ گیا۔ خراب موسمی صورتحال کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
رستم کے علاقے عرفان نگر میں آسمانی بجلی گرنے سے گھر کے ایک کمرے کی چھت منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر دو کمسن بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ ماں اور ایک بیٹی شدید زخمی ہوگئیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 سالہ محمد حسین اور 1 سالہ زنیرہ شامل ہیں۔ زخمیوں میں محمد طاہر کی اہلیہ اور ان کی 14 سالہ بیٹی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ایم ایم سی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
لنڈی کوتل کے علاقے گور گوری میں سیلابی ریلے میں ایک موٹر کار اورایک وین بہہ گئیں، ڈوبنے والے تین افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر بالا و زیریں، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ اور کوہستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، باجوڑ، مہمند، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، کرک، ہنگو، لکی مروت اور بنوں میں بھی کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، کرم، اورکزئی اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں کے حساس مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے۔ اس دوران تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی سے کمزور ڈھانچوں جیسے سولر پینلز، بجلی کے کھمبے اور بل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالاکوٹ میں 42 ملی میٹر، کاکول میں 36 ملی میٹر اور پاراچنار میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈیرہ اسماعیل خان میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ، پشاور میں 41، پٹن اور دروش چترال میں 40، چترال لوئر میں 38، تیمرگرہ میں 39، کالام میں 29 اور مالم جبہ میں 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثنا صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے لنڈی کوتل خیبر اور مردان میں سیلابی ریلے اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لنڈی کوتل میں سیلابی ریلے میں گاڑی بہہ جانے کے باعث خاتون سمیت تین افراد کا جاں بحق ہونا انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، ضلعی انتظامیہ اور 1122 کے اہلکاروں نے ریسکیو آپریشن کے ذریعے متعدد افراد کو بچایا، مردان میں آسمانی بجلی گرنے سے بھی 2 بچے جاں بحق ہوئے، واقعے میں زخمی دو خواتین کو اسپتال میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔