کراچی میں پپری ملٹی لاجسٹکس پارک کی تعمیر تیز، بندرگاہی نظام جدید بنانے کا منصوبہ

نیشنل لاجسٹک کارپوریشن اور ڈی پی ورلڈ کے اشتراک سے 2.46 ارب روپے کا منصوبہ زیرِ تکمیل ہے، پروجیکٹ ڈائریکٹر


ویب ڈیسک July 20, 2026

وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے تحت پپری ملٹی لاجسٹکس پارک کی تعمیر پر تیزی سے عمل درآمد شروع ہوگیا جس میں پپری لاجسٹکس پارک سے کارگو نقل و حمل کا جدید نظام قائم کیا جا رہا ہے۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل لاجسٹک کارپوریشن (این ایل سی) سندھ، انجینئر الطاف قادر باجوہ کے مطابق نیشنل لاجسٹک کارپوریشن اور ڈی پی ورلڈ کے اشتراک سے 2.46 ارب روپے کا منصوبہ زیرِ تکمیل ہے، پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ کو ملانے کے لیے 1.5 کلومیٹر ریلوے لنک تعمیر کیا جا رہا ہے۔

انجینئر الطاف قادر باجوہ نے بتایا کہ پپری میں ریلوے فریٹ کنٹینر اور ملٹی لاجسٹکس پارک قائم کیا جا رہا ہے۔ منصوبے میں ویئر ہاؤس، کنٹینر اسٹوریج، وہیکل پارکنگ اور انتظامی بلاکس قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ 37,700 مربع میٹر ہارڈ اسٹینڈنگ ایریا میں بیک وقت 260 کنٹینرز اور ٹرکوں کی گنجائش ہوگی۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر کے مطابق اپ کنٹری سے آنے والے ٹریلرز کو پپری لاجسٹکس پارک منتقل کر کے کارگو ریل کے ذریعے بندرگاہوں تک پہنچایا جائے گا، منصوبے سے کراچی میں داخل ہونے والے 250 سے 500 ٹریلرز کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی، پپری ملٹی لاجسٹکس پارک سے کارگو کی ترسیل، بندرگاہی رابطوں اور لاجسٹکس نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔