لاہور میں رات گئے دوبارہ شروع ہونے والی مون سون کی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بارش کے باعث گرمی اور حبس کی شدت میں کمی آگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ لاہور میں آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ کو بارش سے ممکنہ نقصانات سے بچنے کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ایم ڈی واسا غفران احمد سمیت دیگر افسران و ملازمین نکاس اب کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔
لاہور میں سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 42.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ ایئرپورٹ پر 30، واسا ہیڈ آفس گلبرگ میں 2.2، اپر مال میں 12.6، جوہر ٹاؤن میں 20.6، ڈیفنس روڈ پر 3.4، اور کاہنہ میں 6.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نکاسی آب آپریشن کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر ہے، دریائے سندھ میں کالا باغ اور دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔
کالا باغ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 69 ہزار اور اخراج 2 لاکھ 62 ہزار جبکہ خانکی میں پانی کی آمد 1 لاکھ 13 ہزا اور اخراج 1 لاکھ 6 ہزار ہے۔
دریائے چناب میں مرالہ، تریموں، پنجند اور قادر آباد کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول پر ہے جبکہ دریائے راوی میں جسڑ، شاہدرہ، ہیڈ سدھنائی اور بلوکی میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی اور ہیڈ اسلام میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے جبکہ دریائے سندھ میں تربیلا، تونسہ اور چشمہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 24 جولائی تک پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی صورتحال میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ نالوں بہیں بسنتر، ڈیگ ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا میں بھی سیلاب کی وارننگ دی گئی ہے۔
ڈیرہ غازی خان کے رود کوہیوں میں فلیش فلڈنگ کی وارننگ ہے جبکہ لاہور، گجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔