ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے مقدمے کا عبوری چالان جمع، ملزمہ کے خلاف اہم انکشافات

عبوری چالان کے مطابق  پنکی گھر والوں سے ناراض ہوکر لاہور چلی گئی تھی


ویب ڈیسک July 21, 2026
فوٹو اسکرین گریپ

سی ٹی ڈی نے ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے مقدمے کا عبوری چالان ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں جمع کرادیا۔

کراچی سینٹرل جیل جوڈیشل کمپلیکس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں جمع کرائے گئے چالان میں ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کیخلاف قائم مقدمات کی تعداد 21 ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

عبوری چالان کے مطابق مقدمے میں انمول عرف پنکی اس کا بھائی ناصر، عین اللہ اور میسر علی عرف کو کی گرفتار ظاہر کیا گیا ہے۔

مقدمے میں ملزمہ کا نام انمول عرف منزہ عرف پنکی تحریر ہے۔ عبوری چالان میں کہا گیا کہ ملزم میسر علی عرف عاطف، ناصر اور عین اللہ کواختر کالونی سے گرفتار کیا۔ ملزمان سے بھاری مقدار میں چرس اور کوکین برآمد ہوئی۔ ملزم میسر علی نے بتایاکہ اس کو عامرنے بتایا کہ وہ میڈیم پنکی کیلئے کام کرتا ہے، عامر نے فون پر پنکی سے بات کرائی تھی۔

ملزمان نے انکشاف کیا کہ میڈیم پنکی کے کہنے پر پورے کراچی میں منشیات سپلائی کرتے تھے۔ ایک گرام منشیات 12 ہزار سے 15 ہزار کی تھی، یہ ریٹ پنکی طے کرتی تھی۔ تفتیشی افسر نے ملزمان کے انکشاف کے بعد پنکی سے وومن جیل میں تفتیش کی۔

ملزمہ نے منشیات کا نیٹ ورک چلانے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمہ نے بتایا کہ وہ اس نیٹ ورک کی سرغنہ ہے۔ ملزمہ کے انکشافات کے بعد اسے اس مقدمے میں بھی گرفتار کرلیا گیا۔ عبوری چالان میں کہا گیا کہ ملزم ناصر نے بتایا کہ انمول عرف پنکی اس کی سگی بہن ہے۔

پنکی گھر والوں سے ناراض ہوکر لاہور چلی گئی تھی۔ ملزمان کیخلاف 18 نومبر 2018 کو مقدمہ درج کیا گیا۔ عبوری چالان میں تفتیشی افسر انسپکٹر منصور سمیت 14 گواہوں کے نام شامل ہیں۔