آزاد جموں و کشمیر میں شفاف اور پُرامن انتخابی عمل کا مرحلہ وار انعقاد جاری ہے۔ عام انتخابات کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے سرکاری ملازمین کے لیے پولنگ کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا۔ سرکاری ملازمین کے لیے پولنگ کا عمل گزشتہ روز 20 جولائی کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پُرامن ماحول میں جاری رہا۔
آزاد جموں و کشمیر کی 3 ڈویژنز کے 8 اضلاع میں مجموعی طور پر 24 ہزار 40 سرکاری ملازمین نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا۔ راولاکوٹ ڈویژن کے 2 اضلاع کی 4 قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 4 ہزار 278 ووٹ کاسٹ کیے گئے، جبکہ میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع کی 13 قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 12 ہزار 41 سرکاری ملازمین نے ووٹ کاسٹ کیا۔ اسی طرح مظفرآباد ڈویژن کے 3 اضلاع کی 9 قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 7 ہزار 721 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔
پولنگ کے عمل کے بعد سیل شدہ بیلٹ باکسز اور تمام انتخابی سامان مقررہ ضابطے کے تحت متعلقہ ریٹرننگ افسران کے سپرد کر دیا گیا۔ ان ووٹوں کی گنتی اور سرکاری نتائج کا باضابطہ اعلان عام انتخابات کے لیے مقررہ پولنگ کے روز کیا جائے گا۔ اس موقع پر مختلف حلقوں میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے انتخابی کیمپ بھی قائم کیے گئے۔
ماہرین کے مطابق انتخابی عمل کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہونا آزاد جموں و کشمیر میں منظم، شفاف اور پُرامن عام انتخابات کے انعقاد کی جانب ایک مثبت پیشرفت ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کی جانب سے ہزاروں کی تعداد میں ووٹ کاسٹ کرنا انتخابی عمل پر اعتماد اور بھرپور شرکت کی عکاسی کرتا ہے۔