متحدہ مدارس کونسل پاکستان نے مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج اور شہدا سے متعلق بیان سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ریاست مخالف اور قومی اداروں کیخلاف مہم سے مدارس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق متحدہ مدارس کونسل پاکستان نے تحریری اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ شہداء کی قربانیوں کے خلاف کسی بھی قسم کا منفی بیانیہ ناقابلِ قبول ہے۔
ترجمان متحدہ مدارس کونسل پاکستان ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا موقف ان کی جماعت کا ذاتی اور سیاسی مؤقف ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے شہدا اور غازی ہمارے قومی ہیرو اور قوم کیلئے باعث فخر ہیں۔
ترجمان ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری کا کہنا ہےکہ دینی مدارس، مساجد، علماء اور طلبہ کا ریاست مخالف سرگرمیوں یا قومی اداروں کیخلاف مہم سے کوئی تعلق نہیں جبکہ مدارس ہمیشہ پاکستان کی نظریاتی، فکری اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے مراکز رہے ہیں۔