فیلڈ مارشل سے ایرانی وزیر داخلہ کی ملاقات، سیکیورٹی صورتحال، سرحدی انتظام پر تبادلہ خیال

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور دوطرفہ سیکیورٹی صورت حال اور تعاون سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا


ویب ڈیسک July 21, 2026
فوٹو: آئی ایس پی آر

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے ملاقات کی جہاں علاقائی، دوطرفہ سیکیورٹی صورت حال، سرحدی انتظام اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور دوطرفہ سیکیورٹی صورت حال، مؤثر سرحدی انتظام اور تعاون سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ایرانی وزیر داخلہ نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے، تنازعات میں کمی کی حوصلہ افزائی اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی مستقل کوششوں اور ناگزیر سفارتی کردار کو سراہا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے علاقائی سلامتی، باہمی خوش حالی اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی رابطوں اور تعاون کے مؤثر نظام کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔