اسرائیل کا غزہ میں حماس کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ

وسطی غزہ میں اسرائیل کی بمباری سے داخلی سیکیورٹی کے علاقائی سربراہ اور ایک اہلکار بھی شہید ہوگئے، رپورٹ


ویب ڈیسک July 25, 2026
فوٹو: غیرملکی میڈیا

اسرائیل کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ وسطی غزہ میں حملوں میں حماس کے کمانڈر حمام عید اور داخلی سیکیورٹی کے سینئر افسر سمیت 3 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا کہ وسطی غزہ میں ایک حملے میں حماس کے رہنما کو شہید کیا گیا، جن کی شناخت حمام عید کے نام سے ہوئی اور وہ ڈرونز بنانے کے ذمہ دار تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ حماس کے کمانڈر مزاحمتی تحریک کی فضائی صلاحیت کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے تھے جو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا کہ غزہ میں داخلی سیکیورٹی سروس کے ایک سینئر افسر اور ایک اہلکار کو بھی شہید کیا گیا، جنہیں اس وقت فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک گاڑی سوار ہو کو وسطی غزہ میں دیر البلاح سے گزر رہے تھے۔

پولیس اور محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ اسرائیل کی فضائی کارروائی میں وسطی غزہ کی سروس کے سربراہ کرنل وائیل ال لیداوی اور میجر رامیز ابو زرائق شہید ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان گزشتہ برس اکتوبر میں جنگ بندی معاہدے طے پایا تھا، جس کے تحت اسرائیل کی جانب سے غزہ سے اپنی فوج کو بتدریج واپس بلانا تھا اور حماس کو غیرمسلح کیا جانا ہے۔

دونوں فریقین کے درمیان معاہدے پر عمل درآمد بڑے پیمانے پر نہ ہوسکی کیونکہ اسرائیل روزانہ کی بنیاد پر غزہ میں کارروائیاں اور حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور غزہ پٹی میں اپنا قبضہ مسلسل وسیع کرتا جا رہا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے حکام کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اب تک اسرائیل نے کارروائیوں میں ایک ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی کردیا ہے جبکہ اسی دوران متعدد اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے ہیں۔