مغرب کی جارحانہ پالیسی اور وعدہ خلافی نے یوکرین پر حملہ کرنے کیلئے مجبور کیا، پوٹن

آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ مغربی ممالک کے مسلسل دباؤ اور یوکرین میں ہونے والی پیش رفت کا ردعمل تھا


ویب ڈیسک July 27, 2026

روس کے صدر ولادمیر پوٹن نے کہا ہے کہ روس کو مجبوراً یوکرین پر حملہ کرنا پڑا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پوٹن نے یوکرین جنگ کا ذمہ دار مغرب کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ برسوں کی جارحانہ مغربی پالیسیوں نے روس کے پاس اپنی فوجی مہم شروع کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں چھوڑا تھا۔

روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ٹیس کے مطابق روسی بحریہ کے اہلکاروں کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے، پوٹن نے کہا کہ ماسکو کی جانب سے خصوصی فوجی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ مغربی ممالک کے مسلسل دباؤ اور یوکرین میں ہونے والی پیش رفت کا ردعمل تھا۔

پوٹن نے دعویٰ کیا کہ مغربی حکومتیں پہلے کی یقین دہانیوں کا احترام کرنے میں ناکام رہی ہیں کہ نیٹو مشرق کی طرف توسیع نہیں کرے گا۔ پوٹن نے دلیل دی کہ روس کے بار بار اعتراضات کے باوجود نیٹو میں توسیع ہوتی رہی۔