فلسطینی اتھارٹی نے حالیہ کشیدگی اور مقبوضہ مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے تشدد کے تناظر میں عالمی برادری کو ایک ہنگامی میمورنڈم ارسال کیا ہے جس میں اسے فوری روکنے کیلئے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی وزارتِ خارجہ نے صدر محمود عباس کی ہدایت پر دنیا بھر کی حکومتوں، پارلیمانوں اور بین الاقوامی اداروں کو یہ مراسلہ بھیجا۔
فلسطینی اتھارٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ مقبوضہ علاقوں، خصوصاً مشرقی یروشلم اور مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں اور اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے جس سے فلسطینی شہریوں کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
مراسلے میں مطالبہ کیا گیا کہ عالمی برادری فوری مداخلت کرے، فلسطینی شہریوں کے لیے بین الاقوامی تحفظ یقینی بنائے اور ان کارروائیوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
فلسطینی حکام نے سفارتی مشنز کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ مختلف ممالک کی حکومتوں اور بین الاقوامی تنظیموں سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ اس معاملے پر عالمی دباؤ بڑھایا جا سکے۔
واضح رہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں مغربی کنارے کے متعدد دیہات میں شدید جھڑپیں، آبادکاروں کے حملے اور مساجد کو نذرِ آتش کیے جانے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ فلسطینی حکام ان واقعات کو منظم تشدد قرار دیتے ہیں، جبکہ اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ تشدد کی تحقیقات کر رہی ہے اور سکیورٹی اقدامات بڑھا رہی ہے۔
اس معاملے پر بین الاقوامی سطح پر بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، اور اقوام متحدہ سمیت مختلف ادارے پہلے بھی مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بڑھتے ہوئے تشدد اور انسانی صورتحال پر توجہ دلانے کی اپیل کرتے رہے ہیں۔