عراق سے سعودی عرب پر ڈرون حملے، عراقی وزیر اعظم کا تحقیقات کا حکم

عراقی وزیر اعظم علی الزیدی کا متعلقہ سیکیورٹی ایجنسی کو سعودی عرب کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے بعد تحقیقات کا حکم


ویب ڈیسک July 27, 2026

عراق کے وزیر اعظم علی الزیدی نے سیکیورٹی حکام کو عراقی سرزمین سے سعودی عرب پر ہونے والے ڈرون حملوں سے متعلق تحقیقات کا حکم دے دیا۔

پیر کے روز ترجمان وزیر اعظم سباح النعمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عراق کی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف علی الزیدی نے متعلقہ سیکیورٹی ایجنسی کو سعودی عرب کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے بعد تحقیقات کا حکم دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ عراقی حکومت اپنے اچھے پڑوسی ہونے کے آئینی اور غیر متزلزل عزم اور کسی بھی برادر یا دوست ملک کے خلاف سرزمین استعمال نہ ہونے دینے کا اعادہ کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ حکومت فراہم کیے گئے شواہد اور معلومات کا جائزہ لے رہی ہے اور تحقیقات میں جس کا بھی ملوث ہونا بھی ثابت ہوا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

عراقی حکومت نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مضبوط اور برادرانہ قرار دیا جو باہمی احترام پر مبنی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ عراقی حکومت سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کسی کوشش کی اجازت نہیں دے گی۔