کراچی:
شہر قائد میں اورنگی ٹاؤن کے علاقے پاکستان بازار میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دو ملزمان ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے دونوں ملزمان کی شناخت کر لی ہے جبکہ ان کے دو ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق واقعہ تھانہ پاکستان بازار کی حدود میں لیاقت چوک کے قریب پیش آیا۔ چار پولیس اہلکار معمول کے گشت پر موٹرسائیکلوں پر موجود تھے کہ انہوں نے مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے رکنے کے بجائے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار حسن علی شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں شہید ہوگئے۔ شہید اہلکار تھانہ پاکستان بازار میں تعینات تھے اور گلشنِ بہار کے رہائشی تھے۔
پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو ہلاک کر دیا۔ بعد ازاں ان کی شناخت آصف عرف بھایا اور راشد عرف پٹھان کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان جرائم پیشہ تھے اور منشیات فروشی، اسٹریٹ کرائم اور دیگر وارداتوں میں ملوث رہے تھے۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ہلاک ملزمان کے قبضے سے دو پستول، ایمونیشن، چلیدہ خول، وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل اور مبینہ طور پر چھینا گیا سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ہلاک ملزمان کا مجرمانہ ریکارڈ بھی کھنگالا جا رہا ہے تاکہ ان کے خلاف درج دیگر مقدمات کی تفصیلات حاصل کی جا سکیں۔