ٹورنٹو: کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں واقع امریکی قونصل خانے کے باہر پیر کی صبح فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تاہم خوش قسمتی سے اس میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق اہلکاروں نے فائرنگ کی آواز سننے کے بعد فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امریکی قونصل خانے کے باہر اسلحہ استعمال کیے جانے کے شواہد اکٹھے کیے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کم از کم ایک گولی چلائی گئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے فوراً بعد ایک سفید رنگ کی سیڈان گاڑی جائے وقوعہ سے تیزی سے فرار ہوتی دیکھی گئی، جس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس واقعے سے متعلق معلومات یا ویڈیو موجود ہو تو وہ حکام سے رابطہ کرے۔
یہ رواں سال کے دوران امریکی قونصل خانے کے باہر پیش آنے والا دوسرا ایسا واقعہ ہے، اس سے قبل 10 مارچ کو بھی اسی عمارت پر کئی گولیاں چلائی گئی تھیں۔
ان واقعات سے قبل ٹورنٹو کے مختلف علاقوں میں موجود یہودی عبادت گاہوں (سیناگاگز) پر بھی فائرنگ کے تین الگ الگ واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔
حالیہ واقعے کے بعد پولیس نے امریکی اور اسرائیلی قونصل خانوں کے باہر سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔ اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ حساس مقامات کی نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے۔
تاحال پولیس نے واقعے کی وجہ یا حملہ آوروں کے محرکات کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہیں۔