ملک میں کل سے تیز بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ

یکم اگست سے ایک مغربی ہوا کا سلسلہ بھی مزید شدت اختیار کرے گا


ویب ڈیسک July 28, 2026

اسلام آباد:

ملک بھر میں 29 جولائی سے 5 اگست تک مون سون بارشوں کے نئے اور طاقتور اسپیل کی پیشگوئی کر دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرۂ عرب اور خلیجِ بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں 29 جولائی سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، جبکہ یکم اگست سے ایک مغربی ہوا کا سلسلہ بھی مزید شدت اختیار کرے گا، جس کے باعث کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔

نئے سلسلے کے تحت کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 29 جولائی سے 5 اگست تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے، جبکہ جنوبی پنجاب، مشرقی و جنوبی بلوچستان اور سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی 31 جولائی سے 3 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔ بعض مقامات پر شدید اور کہیں کہیں انتہائی شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، ملتان، پشاور، نوشہرہ سمیت کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ کشمیر، مری، گلیات، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔

اس کے علاوہ مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے تیز بارش، آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ادارے نے متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے، کسانوں کو موسمی صورتحال کے مطابق زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے اور سیاحوں و مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔