کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز میں نئے بلاک کی تعمیر کا فیصلہ

میئر کراچی کا اپنی جانب سے ڈائلیسز مشین اور آر او پلانٹ فراہم کرنے کا بھی اعلان


ویب ڈیسک July 28, 2026

کراچی:

بلدیہ عظمیٰ نے کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز میں نئے بلاک کی تعمیر اور طبی سہولیات میں اضافے کا فیصلہ کرلیا۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیرِ انتظام کڈنی انسٹیٹیوٹ کا دائرہ کار پورے شہر تک بڑھاتے ہوئے سیٹلائٹ سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز کے لیے اپنی جانب سے ڈائلیسز مشین اور آر او پلانٹ فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر بابر خان کو ہدایت دی کہ نئے بلاک کے لیے جگہ کا انتخاب کرکے جلد از جلد تعمیراتی کام شروع کرایا جائے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی شہری حکومت میں نہ صرف بنیادی انفراسٹرکچر بلکہ طبی اداروں میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔  شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم اس کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ کڈنی انسٹیٹیوٹ میں نہ صرف کراچی بلکہ ملک بھر سے مریض علاج کی سہولت حاصل کرنے آتے ہیں۔ اجلاس میں کے آئی کے ڈی کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر خرم دانیال، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اخلاق احمد یوسفزئی، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر بابر خان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔