فیکٹ چیک: ٹرمپ کی گاڑی کے باہر گرنے کی یہ وائرل ویڈیو اے آئی سے تیار کردہ ہے

ریورس امیج سرچ کے ذریعے ٹرمپ کی اسی موقع کی اصل ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایسا کچھ نہیں ہوتا دکھ رہا


ویب ڈیسک July 28, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گاڑی کے باہر اچانک گھٹنوں کے بل گرنے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے صدارتی لیموزین میں سوار ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی جانے والی اس ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ 80 سالہ ٹرمپ کی ٹانگوں نے جواب دے دیا اور انہیں گاڑی میں بیٹھنے کے لیے مدد درکار ہو رہی ہے۔  یہ کلپ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیا جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ یہ ویڈیو جعلی اور اے آئی سے تیار کردہ ہے۔

اصل ویڈیو میں ٹرمپ گرے ہی نہیں

ویڈیو کی حقیقت جانچنے پر معلوم ہوا کہ یہ وائرل کلپ دراصل ایک حقیقی ویڈیو کو اے آئی کے ذریعے تبدیل کر کے تیار کیا گیا ہے۔

یہ کلپ سب سے پہلے ٹک ٹاک صارف ’مسٹر ٹیموتھی ٹائمز‘ نے 24 جولائی کو شیئر کیا تھا۔ پوسٹ کے اصل کیپشن کے آخر میں واضح کیا گیا تھا کہ ویڈیو اے آئی سے تیار کی گئی ہے۔

اصل فوٹیج میں کیا ہوا تھا؟

ریورس امیج سرچ کے ذریعے ٹرمپ کی اسی موقع کی اصل ویڈیو سامنے آئی، جس میں انہیں وائٹ ہاؤس سے روانہ ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

اصل فوٹیج کے مطابق ٹرمپ گاڑی میں سوار ہوتے وقت صرف آہستہ چلتے اور محتاط انداز میں لیموزین میں داخل ہوتے دکھائی دیتے ہیں، لیکن وہ نہ تو گھٹنوں کے بل گرے اور نہ ہی انہیں اس طرح مدد کی ضرورت پیش آئی جیسا کہ جعلی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے۔

یہ واقعہ یکم جولائی کو پیش آیا تھا، جب ٹرمپ نارتھ ڈکوٹا روانہ ہوئے تھے جہاں انہیں تھیوڈور روزویلٹ صدارتی لائبریری سے متعلق ایک تقریب میں شرکت کرنا تھی۔

ویڈیو میں اے آئی کا استعمال کیسے پکڑا گیا؟

جعلی ویڈیو میں متعدد بصری بے قاعدگیاں بھی نظر آتی ہیں۔ مثال کے طور پر، ٹرمپ کی مدد کرنے والے سیکیورٹی اہلکار کا جسم پیچھے موجود گاڑی کے ساتھ غیر فطری انداز میں جڑتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔

ہائیوو موڈیریشن کے تجزیے نے بھی ویڈیو کو ڈیپ فیک کانٹنٹ یا اے آئی سے تیار کردہ مواد قرار دیے جانے کا امکان ظاہر کیا۔

یوں سوشل میڈیا پر ٹرمپ کے اچانک گرنے کے دعوے کے برعکس، دستیاب اصل فوٹیج ثابت کرتی ہے کہ وائرل ویڈیو میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے تبدیلی کی گئی تھی۔