وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر میں کھلے دل سے شکست تسلیم کرے کیونکہ یہ فیصلہ عوام نے کیا ہے، بلاول اب سندھ میں جاکر اپنی کارکردگی کا بہتر کریں۔
مسلم لیگ ن کے کارکنان کے نام جاری پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے گلگت بلتستان میں الیکشن جیتے تو ٹھیک اور انہیں آزاد کشمیر میں دھاندلی نظر آرہی ہے جبکہ یہاں تو نگراں حکومت نہیں ہوتی اور گزشتہ ایک سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول کی جانب سے آج جو زبان استعمال کی گئی اُس پر افسوس ہے مگر کیا وہ دھاندلی کا الزام اپنی ہی حکومت اور وزیراعظم پر لگا رہے ہیں کیونکہ یہاں تو پی پی کی حکومت کی زیر نگرانی الیکشن ہوئے۔
مریم نواز نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور بلاول کو یہ سمجھنا ہوگا کہ الیکشن کا فیصلہ ریاست نہیں بلکہ عوام کرتے ہیں اور آزاد کشمیر کے عوام نے اپنی ترقی، خوش حالی کیلیے ن لیگ کو ووٹ دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سندھ میں 17 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے مگر ان کے پاس کوئی ایک ایسا منصوبہ نہیں جسے عوام کو دکھا سکے، یہ پورے الیکشن میں طعنے، ذاتیات پر بات کرتے رہے مگر عوام کو اپنا سندھ کا کوئی ایک منصوبہ نہیں بتاسکے۔
مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے سوچ سمجھ کر ووٹ دیا کیونکہ مظفر آباد کو کراچی بنانے اور کشمیر کو سندھ بنانے کی بات آپ نہیں کرسکے، آپ سندھ اور کراچی میں محنت، کام اور خود احتسابی کریں کیونکہ اس وقت تو وہاں حالات اور کاردگی صفر نظر آتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میر پور کے انتخابات پر اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں، عوام نے میرے چہرے پر نہیں بلکہ ترقی اور کارکردگی کیوجہ سے مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا کیونکہ عوام رونے والوں کو نہیں بلکہ کارکردگی والوں کو ووٹ دیتے ہیں، آزاد کشمیر کے عوام کو تعلیم، ٹرانسپورٹ سہولیات، کسان، رحمت کارڈ جیسے منصوبے چاہییں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سندھ کی ایسی کارکردگی بنائیں کہ لوگ دیکھ کر ووٹ دیں، اگر آپ اسی طرح روتے رہیں گے تو عوام پھر کیوں ووٹ دیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بلاول کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی مینڈیٹ کو قبول اور شکست کو کھلے دل کے ساتھ قبول کریں جیسے گلگت بلتستان کے نتائج کو ن لیگ نے تسلیم کیا، دھاندلی کا الزام نہیں لگایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اب کشمیر میں وہ تمام کام ہوں گے جو عوام کی ضروریات ہیں، یہاں کی ترقی اب کوئی روک نہیں سکتا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مظفر آباد اور پونچھ کے عوام سے گزارش ہے وہ میرپور والوں کی طرح دو اگست اور 10 اگست کو ترقی کیلیے نکلیں، شیر پر مھر لگائیں، نتائج کے اگلے دن سے ترقی کا سفر شروع کریں گے۔
مریم نواز نے آخر میں پھر مشورہ دیا کہ بلاول بھٹو سندھ کی ترقی پر توجہ دیں کیونکہ جس صوبے میں پیپلزپارٹی کی 17 سالوں سے حکومت ہے وہ اب تک محرومیوں کا شکار ہے وہاں سڑکیں، تعلیم، امن و امان نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سب یہی بات کرتے ہیں پنجاب جیسا سندھ اور لاہور جیسا کراچی چاہیے، بلاول بھٹو تھوڑی توجہ دیں تو سندھ میں بھی بہت بہتری آسکتی ہے، پہلے مرحلے میں صفائی اور امن و امان کو ٹھیک کریں۔