امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی ہے کہ اگر معاہدہ نہیں ہوا تو پک ایکس پہاڑی، جوہری تنصیبات، پل اور دیگر عوامی تنصیبات کو نشانہ بناسکتے ہیں۔
امریکی نیوز چینل کو انٹرویو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے سوالات پر کہا کہ ان کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں، وہ اس بات کو سمجھ لیں جبکہ ہماری بہت سود مند بات ہوئی ہے۔
ایران پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ حال ہی میں انتقال کرنے والے امریکی سینیٹر لنزے گراہم کے بارے میں تصور ہے کہ وہ سخت مؤقف رکھتے تھے لیکن چند ہفتے قبل وہ کہنے لگے کہ اس معاملے میں پورے ملک کو تباہ کرنے کے بجائے معاہدہ کرنا بہتر ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کے بہترین کیمرے موجود ہیں، جن پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مجھے معلوم ہے کہ کہ پک ایکس میں کیا ہو رہا ہے، یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے، ہم نے ان کی جوہری تنصیبات کو تباہ کردیا ہے اور اگر معاہدہ نہیں ہوا تو ہم پک ایکس کو بھی تباہ کردیں گے، معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ہم اس سے بہت آسانی سے تباہ کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اس کی دوبارہ تعمیر میں کئی سال لگیں گے اور اگر میں کارروائی کے لیے واپس وہاں گیا جیسا کہ چند لوگ چاہتے ہیں کہ پلوں کو ختم کروں، ایسا ہوا تو پھر ایک پل تعمیر کرنے میں انہیں دس سال درکار ہوں گے اور میرے خیال میں اس وقت ہم انتہائی مضبوط پوزیشن میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ میں ایسا ہی کروں گا اگر وہ معاہدہ نہیں کرتے ہیں، پل تباہ ہوں گے اور حقیقت میں دو گھنٹوں سے بھی کم وقت میں بڑے پلوں میں سے اکثر تباہ ہوجائیں گے اور پاور پلانٹس ایک دن میں ختم ہوجائیں گے۔