سوشل میڈیا دوستی سے شروع ہونے والی شادی تنازع کا شکار، فلپائنی بیوی کا شوہر پر گھریلو تشدد کا الزام

متاثرہ خاتون کی درخواست پر شوہر کو گرفتار لیا گیا


ویب ڈیسک July 28, 2026

لودھراں:

لودھراں میں فلپائن سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کی گھریلو تشدد کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شوہر کو گرفتار کر لیا جبکہ خاتون کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق غیر ملکی خاتون نے اپنے شوہر اور اس کے اہل خانہ پر مبینہ تشدد اور ناروا سلوک کے الزامات عائد کیے جس کے بعد متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون اور ملزم کی سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی تھی جو بعد ازاں شادی میں تبدیل ہوگئی۔

تاہم شادی کے بعد پیدا ہونے والے اختلافات کے باعث خاتون نے پولیس سے رجوع کرتے ہوئے مبینہ گھریلو تشدد کی شکایت درج کرائی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق مقدمے کی تفتیش قانون کے مطابق جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔