تربت؛ پنجاب کے  4 اور پختونخوا کے 2 مغوی مزدوروں کی لاشیں برآمد

2 روز قبل نامعلوم مسلح افراد نے 7 مزدوروں کو اغوا کرکے ایک کو فوراً قتل کردیا تھا، پولیس



کوئٹہ:

بلوچستان میں ضلع کیچ کے علاقے کلاتک سے 2 روز قبل اغوا کیے گئے مزدوروں میں سے 6 افراد کی لاشیں تربت کے نواحی علاقے ناصرآباد سے برآمد ہو ئی ہیں۔

تربت پولیس کے مطابق 2 روز قبل نامعلوم مسلح افراد نے مجموعی طور پر 7 مزدوروں کو اغوا کیا تھا، جن میں سے ایک مزدور کو اغوا کے فوراً بعد فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا، جبکہ باقی 6 مزدوروں کو اغوا کار اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے بعد ازاں ان 6 مغوی مزدوروں کو بھی قتل کر دیا اور ان کی لاشیں ناصرآباد کے علاقے میں پھینک دیں۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور متعلقہ اداروں نے لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کر دیں۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کے معاون بابر یوسفزئی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تربت سے برآمد ہونے والی لاشیں 6 مغوی مزدوروں کی ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 4 افراد کا تعلق پنجاب جبکہ 2 افراد کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔

واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔