پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیا بیٹنگ کوچ ملنے کا امکان، مائیک اسمتھ مضبوط امیدوار

مائیک اسمتھ پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں


ویب ڈیسک August 03, 2026

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انگلینڈ کے خلاف آئندہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے طور پر مائیک اسمتھ کی تقرری کے قریب پہنچ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی رواں سال کے آغاز سے اس عہدے کے لیے مستقل امیدوار کی تلاش میں تھا اور اب بقیہ رسمی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد مائیک اسمتھ کی تقرری متوقع ہے۔

لیول فور کوالیفائیڈ کوچ اور جنوبی افریقا کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر مائیک اسمتھ پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں جس کے باعث وہ پاکستانی کرکٹ کے ماحول سے بھی بخوبی واقف ہیں۔

پی سی بی نے مستقل بیٹنگ کوچ کی تلاش کے لیے مئی میں باقاعدہ اشتہار جاری کرتے ہوئے درخواستیں طلب کی تھیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 جون تھی جس کے بعد امیدواروں کا جائزہ لے کر شارٹ لسٹنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔

اگر مائیک اسمتھ کی تقرری حتمی شکل اختیار کر لیتی ہے تو وہ رواں ماہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

واضح رہے کہ اپریل 2026 سے سابق ٹیسٹ بیٹر اسد شفیق عبوری بنیادوں پر بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ وہ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد کے معاون عملے کا بھی حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 19 اگست سے ہوگا۔