جماعت اسلامی کا 7 اگست احتجاج؛ حافظ نعیم نے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کردیا

عوام احتجاج کریں گے تو حکمران اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرنے پر مجبور ہوں گے،ا میر جماعت اسلامی


ویب ڈیسک August 06, 2026
فوٹو: فائل

لاہور:

جماعت اسلامی کے 7 اگست کو ہونے والے احتجاج  سے متعلق حافظ نعیم نے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کردیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اپنے ویڈیو بیان میں 7 اگست کو مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور ٹیکسوں کے خلاف احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے پوری پاکستانی قوم سے احتجاج میں شرکت کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمعہ کے بعد شام 4 بجے عوام سڑکوں پر آئیں اور اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند کر کے احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ جس طرح بجلی کی قیمتوں کے خلاف عوام باہر نکلے تھے، اسی طرح اب بھی احتجاج کرنا ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس اور کھانے پینے کی اشیا پر بے تحاشا ٹیکس عائد کیے گئے ہیں۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران 27 کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول پر ٹیکس عام غریب موٹر سائیکل چلانے والوں سے وصول کیا جا رہا ہے ۔ حکمران روزانہ کی بنیاد پر عوام پر پیٹرول بم گرا رہے ہیں۔ جو عام آدمی ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں، وہ بھی مختلف محصولات کے ذریعے حکومت کو ٹیکس ادا کر رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران حکومت نے لیوی کی مد میں ایک ہزار 900 ارب روپے وصول کیے ہیں۔ اشرافیہ عیاشیاں کرے اور غریب ٹیکس دے، یہ ظلم ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اگر عوام حکمرانوں کے خلاف باہر نہ نکلے تو مزید لیوی اور ٹیکس عائد کیے جائیں گے۔ لہٰذا  عوام احتجاج کریں گے تو حکمران اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرنے پر مجبور ہوں گے۔